نیویارک،8جنوری(آئی این ایس انڈیا)امریکی حکام نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ فلوریڈا کے فورڈ لاؤڈرڈیل کے ہوائی اڈیپر فائرنگ کے ملزم ایسٹبن سینتاگو پر قتل کا مقدمہ چلایا جائے گا اور اس کے لیے سزائے موت کی استدعا کی جائے گی۔ تفتیش کار اب بھی اس بابت تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہ دہشت گردانہ واقعہ تھا یا نہیں۔ 26سالہ سابقہ امریکی فوجی نے جمعے کو ہوائی اڈے پر فائرنگ کر کے پانچ افراد کو ہلاک جب کہ دیگر چھ کو زخمی کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد ایئرپورٹ بند کر دیا گیا تھا، جو کئی گھنٹوں کی بندش کے بعد ہفتے کے روز دوبارہ کھولا گیا۔ امریکی اٹارنی ویفیرڈو فیرر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر ملزم پر الزام ثابت ہو گیا، تو اسے موت یا عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔